سپیکر قومی اسمبلی سے جاپان کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے بدھ کو جاپان کے سفیر متسوہیرو واڈا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سپیکر نےبات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی فراخدلانہ امداد پر جاپان کے مشکور ہیں۔پاکستان اور جاپان کے دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان پارلیمانی رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائم پاک-جاپان پارلیمانی دوستی گروپ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں فعال کردار ادا رہا ہے۔سپیکر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں جاپانی سفیر کا آگاہ کیا۔پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک ہے۔عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی نے 145ویں آئی پی یو جنرل اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے قرارداد بھیجی ہےقرارداد کو ہنگامی ایجنڈے کے طور پر شامل کرنے کی درخواست کی ہے۔قرارداد میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی فنڈ کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سپیکر نے سفیر کو ان کی حکومت کی جانب سے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کی حمایت کے لیے کہا۔

سپیکر نےجاپان کے ایوان نمائندگان کے سپیکر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔جاپان کے سفیر نے جاپان کے لیے سپیکر کے تاثرات کو سراہا اور کہا کہ جاپان، پاکستان کو اپنا ایک قابل اعتماد دوست اور اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے۔سفیر نےپاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جاپان نے ماضی میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مختلف آفات کا سامنا کیا ہے۔

سفیر نے ترقی پذیر ممالک کی جانب سے آئی پی یو کے 145 جنرل اسمبلی میں موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کو اٹھانے کے لیے سپیکر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ جاپان عالمی موسمیاتی فنڈ کے قیام کے لیے پاکستان کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔