اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے ملاقات کی ۔ملاقات میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔ملاقات میں کووڈ۔ 19 کے باعث پارلیمانی کلینڈر پرعملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ڈاکٹر بابر اعوان نے اسپیکر کو زیر التوا قانونی مسودوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سپیکر نے اس موقع پر کہا کہ اجلاس بلانے کے لیے پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ ملاقات میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے وزارت پارلیمانی امور کو لکھے گئے خط پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔خط میں وزرات پارلیمانی امور سے کووڈ۔ 19 کی موجودگی میں اجلاس بلانے کے لئے این سی او سی سے راہنمائی لینے کی درخواست کی گئی ہے۔