اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےاسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے خلاف جنوبی افریقہ کی درخواست پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی کا ذمہ دار ٹھہرانے کا فیصلہ لائق تحسین ہے۔
جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا مرتکب پایا گیا ہے، عالمی برادری عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرے،پاکستان کی پارلیمان اور عوام اسرائیل کو غزہ میں جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ٹھہرانے کے عالمی عدالت کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں معصوم بچوں اور بزرگوں کو جس درندگی سے قتل کیا ہے اس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، غزہ میں ہسپتالوں، سکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیل کی بمباری نے دنیا میں بسنے والے انسانوں کو تشویش میں مبتلا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم پر انسانیت شرمندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین میں 25 ہزار سے زائد انسانی جانوں کا نقصان جس میں زیادہ تر بچے شامل ہیں دنیا کے لئے بڑا امتحان ہے،اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی معصوم بچوں کے قتل عام کے مناظر ناقابل برداشت ہیں،اسرائیل کی بمباری سے 60 ہزار سے زائد فلسطیی زخمی ہوئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، اقوام متحدہ فلسطین میں 1967 والی سرحدی فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، عالمی برادری فلسطین میں مکمل جنگ بندی کے لئے کردار ادا کرے ۔