سپیکر قومی اسمبلی کا بلوچستان ضلع ژوب میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین

146

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر بابر خان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بدھ کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے شہید میجر بابر کے اہلخانہ سے تعزیت اور سکیورٹی فورسز اور میجر بابر خان کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔ سپیکر نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوت نے وطن اور قوم کی خاطر اپنی قیمتی جان کی قربانی دی ہے۔ملک اور قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔پاکستان کی عوام بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ملک سے دہشتگری کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔قوم کے بہادر سپوتوں نے ملک اور قوم کی سلامتی کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں انہیں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔دہشتگرد دشمن کے ناپاک ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ملک میں امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔پاکستان کی افواج اور عوام دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف قوم اور سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا بھی کی