سپیکر قومی اسمبلی کا سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور اراکین کو خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین کی سروس کی شرائط و ضوابط کے بل 2024 کی متفقہ منظوری پر مبارکباد کا خط

125
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ٹانک میں چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور اراکین کو خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین کی سروس کی شرائط و ضوابط کے بل 2024 کی متفقہ منظوری پر مبارکباد کا خط ارسال کیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر نے کہا کہ خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین کی سروس کی شرائط و ضوابط کا بل 2024 کی منظوری صوبے کی قانون سازی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ اس بل کی منظوری سے کے پی اسمبلی نے پارلیمانی بالادستی کے پچاس سالہ خواب کو حقیقت میں بدلا ہے، بل کی منظوری میں دونوں قانون ساز اداروں کے تعاون نے آئین کے آرٹیکل (127) اور آرٹیکل (87) کو نئی جلا بخشی۔سپیکر نے کہا کہ بل کی تشکیل میں قومی اسمبلی اور اس کے سیکرٹریٹ کے کردار کو تسلیم کیا جانا قابل ستائش ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان باہمی تعاون پاکستان کی وحدت اور طاقت کی علامت ہے،قانون ساز اداروں کے مابین تعاون اور عزم ہمارے جمہوری اقدار کی بنیاد ہے۔انہوں نے مستقبل میں بھی خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی کےساتھ تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی کے اراکین اور ملازمین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سپیکر نے قانون ساز اداروں کو آئین پاکستان میں درج اصولوں کے تحت عوامی خدمت کو اسی جذبے اور لگن سے جاری رکھنے کی دعا کی۔