اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے معزز رکن اسمبلی کے سوال کا جواب تحریری طور پر نہ بھجوانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت آبی وسائل کے سیکرٹری کواپنے چیمبر میں طلب کر لیا ۔
پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں نوید قمر نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت ایوان میں نہ تو آبی وسائل وزارت کے وزیر موجود ہیں اور نہ ہی مجھے میرے سوال کا تحریری جواب موصول ہوا ،جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے افسران کی گیلری سے متعلقہ وزارت کے حکام کے بارے پوچھا تو ایک افسر نے ہاتھ اٹھا کر اپنی موجودگی کی تصدیق کی ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اس افسر کو ہدایت دی کہ وزارت کے سیکرٹری کو پانچ منٹ میں میرے چیمبر بلایا جائے اگر تاخیر ہوئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔