اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ پر تہران میں قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں اسماعیل ہانیہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ پر حملہ بربریت اور جارحیت کی شرمناک مثال، عالمی قوانین اور بین الاقوامی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اسرائیل نے غزہ میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ فلسطین کی جدو جہد آزادی کے لیے اسماعیل ہانیہ اور ان کے خاندان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
سپیکر نے اسماعیل ہانیہ کے اہلخانہ، فلسطینی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ سپیکر نے اسماعیل ہانیہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔