سپیکر قومی اسمبلی کی ترکیہ کی پارلیمنٹ کے باہر خود کش حملے کی مذمت

57
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ترکیہ کی پارلیمنٹ کے باہر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے ترکیہ کے پارلیمان اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے اتوار کو جاری اپنے بیان راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام اس مشکل گھڑی میں ترکیہ کی پارلیمان اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی پارلیمان کے قریب خود کش حملہ دراصل حریت پسندی اور جمہوریت پر حملہ ہے ،

پاکستان کی پارلیمان اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ترکیہ کی عوام اور پارلیمان ان فسادی عناصر سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،ترکیہ کی پارلیمان کے باہر دہشتگرد حملہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی شازش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے ناسور سے نبردآزما ہیں،

پاکستان کی عوام اور سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان خطے میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ہمارا مذہب اسلام ہر قسم کی دہشتگردی کی ممانعت کرتا ہے ۔ سپیکر قومی نے کہا کہ پاکستان میں دو دن قبل عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر دہشتگردوں نے خود کش دھماکوں کے ذریعے بڑی تعداد میں معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں،دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ترکیہ کی پارلیمان کے باہر ہونے والے دھماکے میں زخمیوں ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔