اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سکیورٹی فورسز پر دہشتگروں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے حوالدار منتظر شاہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔جمعہ کو اپنے مذمتی بیان میں سپیکر نے حوالدار منتظر شاہ کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ۔
سپیکر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشتگردوں کی مذموم کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔