سپیکر قومی اسمبلی کی سال نو کے آغاز پر قوم کو مبارکباد ، امید ہے کہ 2025 ملک کی خوشحالی اور ترقی کا سال ثابت ہو گا، سردار ایاز صادق

137
Sardar Ayaz Sadiq
Sardar Ayaz Sadiq

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ 2025 پاکستان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر نے سال نو کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ نئے سال کا سورج نئی خوشیوں اور امنگوں کے ساتھ طلوع ہو رہا ہے اور ہمیں خود احتسابی اور اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے غور و فکر اور اجتماعی عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ جمہوری اقدار کو فروغ دینے، بہتر طرز حکمرانی کے قیام اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔سپیکر نے ملک کی تمام سیاسی قوتوں کو باہمی اختلافات بھلا کر مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنے اور قومی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والا سال پاکستان کے لیے اتحاد، استحکام اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ 2025 پاکستان کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھولے گا اور اقوام عالم میں بلند مقام سے ہمکنار کرے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تمام سیاسی اور سماجی تفریق سے بالاتر ہو کر ایک مضبوط، خوشحال اور پر امن پاکستان کے لیے اجتماعی کوششیں کریں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے عوام سے فلسطینی اور بھارتی بربریت و ظلم و ستم کا شکار فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کی آزادی و خود مختاری کے لیے خصوصی دعائیں مانگنے کی اپیل کی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ 2025 فلسطین اور کشمیر میں امن و آشتی کا سال ثابت ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اقوام عالم کو غزہ اور کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے اور ان تنازعات کے منصفانہ حل کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نیا سال ہمیں گزشتہ سالوں کی کامیابیوں سے حوصلہ مند ہونے اور مشکلات سے سیکھ کر آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ایک مضبوط اور فعال پارلیمان ہی پاکستان کی ترقی اور استحکام کا ضامن ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں عوام کو اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے کر مادر وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈپٹی سپیکر نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ 2025 پاکستان کے لیے امن، ترقی اور رحمتوں کا سال ثابت ہو اور عوام کی زندگیوں میں خوشیاں اور خوشحالی بکھیرے۔ انہوں نے نئے سال کے آغاز پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان عوام کے مسائل کو حل کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر قانون سازی کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔