اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمانی وفد نے دورہ مالدیپ کے موقع پر مالدیپ کے نائب صدر عز حسین محمد لطیف سے ملاقات کی جس میں پاک مالدیپ تعلقات اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مالدیپ …
سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی مالدیپ کے نائب صدر عز حسین محمد لطیف سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات ،اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمانی وفد نے دورہ مالدیپ کے موقع پر مالدیپ کے نائب صدر عز حسین محمد لطیف سے ملاقات کی جس میں پاک مالدیپ تعلقات اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
جمعہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ دوستی اور برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،پاک مالدیپ تعلقات مشترکہ مذہب، اخوت اور مضبوط عوامی روابط پر قائم ہیں،سرحد پار سے دہشت گردی ایک سنگین علاقائی و عالمی چیلنج ہے،کراس بارڈر دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں، پاکستان کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کا سامنا ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی مظالم اور خوراک و ادویات کی بندش کی مذمت کی اور کہا کہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے،آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی سے کشمیریوں کی قانونی شناخت اور حقِ ملکیت سلب ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک اور عدم برداشت پر اظہارِ تشویش کیا اور کہا کہ بہار کے وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے مسلم خاتون کے حجاب کو ہٹانا قابلِ مذمت اور شرمناک ہے،
مذہبی آزادی اور خواتین کی بے حرمتی قابل مذمت ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نےواقعہ کی مذمت کے بجائے بعض بھارتی سیاسی عناصر کی طرف سے اس طرز عمل کی حمایت پر افسوس کا اظہار کیا کہ اقلیتوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔سپیکر قومی اسمبلی اور نائب صدر مالدیپ نے موسمیاتی تبدیلی کو مشترکہ عالمی چیلنج قرار دیا اوردونوں رہنماؤں کا موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا۔
مالدیپ کے نائب صدر نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے،سیاحت اور اعلیٰ تعلیم میں پاک مالدیپ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔نائب صدر مالدیپ نے عوامی روابط اور تعلیمی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ پاکستانی پارلیمانی وفد میں ایم این ایز صلاح الدین جونیجو، نوید عامر جیوا، محمود قادر خان، بلال فاروق تارڑ، محمد بلال بدر اور دانیال احمد شامل ہیں ۔









