اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسرائیل کے فلسطین، یمن لبنان پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اس کا سخت نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔ پیر کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے اسرائیل کے ہاتھوں لبنان کے معصوم شہریوں کے قتل عام پر گہرے دکھ ، افسوس اورسوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین اور لبنان کے معصوم شہریوں کے قتل عام پر دل افسردہ ہے، پاکستان کے عوام کے دل فلسطین اور لبنان کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطین اور لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا فلسطین اور یمن کے بعد لبنان پر جاری فضائی حملے خطے میں جنگی جنوں کا منہ بولتے ثبوت ہیں،اسرائیل کا جارحانہ رویہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے جنگی جنوں نے خطے کے امن کو مزید خطرے میں ڈال دیا ہے،فلسطین میں 42 ہزار معصوم شہریوں کے قتل عام کے باوجود اسرائیل کا جنگی جنون مکمل نہیں ہوا، اسرائیل کے ہاتھ فلسطین اور لبنان کے معصوم بچوں اور بزرگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین کے بعد یمن اور لبنان پر حملہ کر کے دنیا کے امن کو چیلنج کیا ہوا ہے،اسرائیل کا جنگ بندی سے انکار خطے کو جنگ و جدل میں دھکیلنے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسرائیل کے مذموم مقاصد سے مشرق وسطیٰ کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں،نیتن یاہو کی اقوام متحدہ کے فورم پر کھڑے ہوکر دنیا کو دھمکیاں تشویشناک اور قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو فلسطین، یمن اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اپنی خاموشی توڑنا ہو گی،مسلم امہ کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف کھل کر آوز بلند کرنا ہو گی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطین اور لبنان پر جارحانہ جارحیت اور قتل عام نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے،اقوام عالم کو اسرائیل کے جارحانہ عزائم کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، اسرائیل کے مذموم عزائم کو نہ روکا گیا تو یہ جنگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔