
اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پیر کو جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں انہوں نے باجوڑ دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر مولانا فضل الرحمان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سپیکر نے دھماکے میں شہداء کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا اورباجوڑ دھماکے کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر مولانا عطاء الرحمان، وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی بھی موجود تھے۔
سپیکر نے کہا کہ باجوڑ سانحہ شرمناک اور انتہائی قابل مذمت ہے، پوری قوم باجوڑ میں دہشت گردی کے اس واقعہ میں شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، باجوڑ میں دہشت گردی کا واقعہ ملک دشمن عناصر کی ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھنائونی سازش ہے، پوری قوم دہشت گردی اور ملک میں بدامنی پھلانے والے عناصر کے خلاف متحد ہے، ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، دہشت گردی کے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔