"سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی دیار خان سمیت 9 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔”
سپیکر قومی اسمبلی کی ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت،شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی دیار خان سمیت 9 جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے ڈی ایس پی دیار خان اور جوانوں کو خراج عقیدت اور حملے کو ناکام بنانے اور حملہ آور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ سپیکر نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ سردار ایاز صادق نے ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے بہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پولیس فورس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لا زوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے، ان کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کےلئے صبر جمیل کی دعا کی








