سپیکر ملک محمد احمد خان سے سپین سینیٹ کے وفدکی پنجاب اسمبلی میں ملاقات

44

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے سپین سینیٹ کے4رکنی وفدنے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ وفد میں سپین کے سینیٹرز ویکنٹ ایزپیٹیراٹ ، نطالیہ اسیرو ، انٹونونیو گتریزاور لوئیس ڈی لا پینا شامل تھے۔ ملاقات میں سپین میں پاکستان کے سفیر ظہور احمد اور سیکرٹری جنرل چوہدری عامر حبیب بھی موجود تھے۔ سپیکر ملک محمد احمدخان نے سپین کے پارلیمانی وفد کا پنجاب اسمبلی میں پرتپاک خیرمقد م کیا۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپین کے پارلیمانی وفد کا دورہ پاکستان اور سپین کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

پارلیمانی وفود کے تبادلے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ پارلیمانی سفارت کاری عالمی چیلنجز کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے وفد کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی ٹولز کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ اب اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی سماعت ان کیمرہ کی بجائے میڈیا کے لیے اوپن ہیں۔ قانون سازی کا عمل نہایت شفاف اور منظم ہوتا ہے جس میں ہر رکن کی شمولیت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم مختلف موضوعات پر گہری تحقیق اور مباحثے کو فروغ دیتا ہے تاکہ بہترین قوانین بنائے جا سکیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستانی کمیونٹی اسپین میں دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان اور سپین کو اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کے ذریعے عوامی روابط کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپین کے تعاون سے پائیدار ترقی اور اقتصادی استحکام کو فروغ ملے گا۔ پاکستان اور اسپین کے تعلقات مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

سینیٹر زویکنٹ ایزپیٹیراٹ نے پنجاب اسمبلی میں پرتپاک استقبال پر سپیکر ملک محمد احمد خان کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر زویکنٹ ایزپیٹیراٹ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان کے ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قابل تجدید توانائی اور زراعت میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے۔ پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے سپین کے وفد کو پنجاب اسمبلی کے ایوان کا دورہ بھی کروایا۔