سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی نوشکی میں بس مسافروں کو اغوا کے بعد قتل کرنے کے اندوہناک واقعہ کی مذمت

78
Sardar Ayaz Sadiq and Deputy Speaker Syed Ghulam Mustafa Shah
Sardar Ayaz Sadiq and Deputy Speaker Syed Ghulam Mustafa Shah

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر میر سید غلام مصطفی شاہ نے ضلع نوشکی میں بس مسافروں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کرنے کے اندوہناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس اندوہناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے مقتولین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور دہشتگردی کا نشانہ بننے والے مسافروں کیلئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر میر سید غلام مصطفی شاہ نے کہا ہے کہ دکھ اور درد کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشتگردی کی اس واقعہ میں ملوث مجرموں اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے قوم پر عزم ہے۔