سڈنی میں 3 گاڑیوں میں تصادم، ایک شخص ہلاک ، 6 زخمی

76

سڈنی۔14فروری (اے پی پی):آسٹریلیاکی ریاست نیو سائوتھ ویلز کے شہر سڈنی میں شاہراہ پر 3 گاڑیوں میں تصادم سے ایک شخص ہلاک جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے بتایا کہ تینوں گاڑیاں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجکر 10 منٹ پر وسطی سڈنی سے 35 کلومیٹر جنوب میں واقع شاہراہ پر جنوب کی طرف جاتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئیں جس میں 60 سالہ شخص ہلاک جبکہ دوسری دو گاڑیوں میں سوار 6 افراد زخمی ہوگئے

جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے اطلاع دی ہے کہ ان 6 افراد میں سے ایک کو ہوائی جہاز سے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ سیون نیٹ ورک ٹیلی ویژن نے کہا کہ ہسپتال میں داخل تمام افراد کی عمریں 18 سے 30 سال کے درمیان تھیں۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔