سکلز ڈویلپمنٹ کی طرف توجہ دینا انتہائی ضروری ہے، تربیت یافتہ افرادی قوت کی دنیا بھر میں مانگ ہے، گورنرخیبرپختونخوا

57

پشاور۔ 13 فروری (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم نے کہا ہے کہ سکلز ڈویلپمنٹ کی طرف توجہ دینا انتہائی ضروری ہے کیونکہ تربیت یافتہ افرادی قوت کی دنیا بھر میں ضرورت و مانگ ہے، صوبہ میں سیاحت اور مہمان نوازی دونوں شعبوں میں معاشی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے بات کا اظہار گورنر ہائوس پشاور میں انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا اور کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل منیجمنٹ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر کیا ۔گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔

تقریب میں چئیرپرسن نیوٹک گلمینہ بلال،چئیرمین انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا حبیب اورکزئی، کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل منیجمنٹ سے ظہیر احمد و دیگر شریک تھے۔گورنر خیبر پختونخوا نے نیوٹک، انجمن ہلال احمر اور کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل منیجمنٹ انتظامیہ کو معاہدہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ معاہدہ ایک تاریخی اوراہم اقدام ہے جومحترمہ بینظیربھٹو شہید کے ویمن ایمپاورمنٹ اور یوتھ انگیجمنٹ مشن کو آگے بڑھانے کا تسلسل ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط تینوں اداروں کے درمیان ایک مضبوط شراکت داری کا آغاز ہے، ایم او یو سے خیبر پختونخوا میں سیاحت کے شعبے کی ترقی اورنوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سکلز ڈویلپمنٹ کی طرف توجہ دینا انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ تربیت یافتہ افرادی قوت کی دنیا بھر میں ضرورت و مانگ ہے، صوبہ میں سیاحت اور مہمان نوازی دونوں شعبوں میں معاشی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں،تینوں اداروں کو صوبہ کے نوجوانوں پرسرمایہ کاری کرنے کے بہترین معاہدہ پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔معاہدہ کے تحت سوات میں ادارہ قائم کیا جائے گا جہاں نوجوانوں سیاحت، مہمان نوازی کے تکنیکی کورسز کرائے جائیں گے۔تکنیکی کورسز نیوٹک کے تعاون سے کرائے جائیں گے۔