
اوٹاوہ۔18مارچ (اے پی پی):کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ نا مساعد حالات کے باوجود سکھ برادری کے لیے کرتار پور کوریڈور کی تعمیر اور وہاں پر سکھ زائرین کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا مقصد اس خیر سگالی جذبے اور امن کی خواہش کا اظہار ہے جس کے تحت وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے ایک مختصر سے عرصے میں کرتار پور کوریڈور کی تعمیر کی جسے دنیا بھر بالخصوص سکھ برادری کی طرف سے بھر پور طریقے سے سراہا گیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ”پاکستان میں سیاحت کے مواقع“ کے موضوع پر منعقدہ ایک ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پاکستان ہائی کمیشن اٹاوا،کینیڈا اور پاکستانی قونصلیٹ ٹورنٹو نے مشترکہ طور پر کیا۔ویبی نار کی نظامت قونصل جنرل پاکستان ٹورنٹو عبد الحمید نے کی جبکہ دیگر شرکا میں پنجاب گورنر کے سیاحت کے کورآرڈی نیٹر فاروق ارشد،پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجر پبلسٹی و پروموشن ملک بابر جاوید،حکومت خیبر پختونخواکے ڈائریکٹر آرکیالوجی و میوزمز ڈاکٹر عبد الصمد،گندھارا ریسورس سنٹر پاکستان کے مشیر ڈاکٹر ندیم عمر تارڑ،پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر ستونت سنگھ، سیاحت کے ماہر جسبیر سنگھ بھوپاری اور کینیڈا میں پاکستانی سیاحت کے حوالے سے سرگرم حمیراخان شامی شامل تھے جنہوں نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے مختلف تجاویز و سفارشات پیش کیں۔
ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کی قیادت اور وزیر خارجہ شاہ مخدوم قریشی کی زیر ہدایت دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانے اور مشنزپاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے اورپاکستان میں سیاحت کے مواقع کو اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان میں سکیورٹی کے علاوہ عالمی پریس کی یکطرفہ اور منفی کوریج کی وجہ سے عالمی سیاحت نہیں پنپ سکی تاہم اب چند سالوں سے صورت حال مکمل طور پر بدل چکی ہے اور پاکستان ہر لحاظ سے سیاحت کے حوالے سے ایک محفوظ ملک بن چکا ہے۔ سکیورٹی کی بہتر صورت حال کی وجہ سے اقوام متحدہ نے بھی ایک عرصے سے اسلام آباد کو فیملی سٹیشن قرار دے رکھا ہے۔
اپنے خطاب میں رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے تک پاکستان سیاحت کے حوالے سے دنیا بھر کے لیے ایک سربستہ راز تھا جسے سوشل میڈیا اور وی لاگز نے پوری طرح عیاں کر دیا ہے اور اب دنیا بھر میں پاکستان کو سیاحت کے حوالے سے ایک اہم جگہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قدیم تہذیبوں کی یادگاروں کی حامل و وارث ہونے کے علاوہ فلک بوس پہاڑوں، سرسبز وادیوں، جھیلوں اور ریگزاروں کی سر زمین ہے جہاں پر سیاحوں کے لیے دلچسپی کے بے پناہ امکانات و مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے نجی شعبے کا بھی کردار ضروری ہے کیونکہ نجی شعبے کی شراکت اور بالخصوص سیاحت کے حوالے سے ٹور آپریٹرز اور دلچسپ و شفاف ٹورسٹ پیکجز کی دستیابی کے بغیر بڑی تعداد میں سیاحوں کو متوجہ کرنا مشکل ہو گا
رضا بشیر تارڑ نے ویبی نار کے شرکا کی پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پیش کردہ سفارشات بالخصوص میڈیکل ٹورزم اور گندھارا ڈپلومیسی کو فروغ دینے، بدھ خانقاہوں کو آباد کرنے اور پاکستان ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی ویب سائٹ کو بھی یوزر فرینڈلی بنانے کی تجاویزکو سراہا اور شرکا کی سفارشات اور تجاویز کو ایک جامع شکل میں پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے سرگرم اداروں تک پہنچانے کے عزم کااعادہ کیا۔