سکیورٹی فورسز کا ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن، خارجی سرغنہ عابد اللہ تراب سمیت 5 خوارج ہلاک

102
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔17جنوری (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں خارجی سرغنہ عابد اللہ تراب سمیت پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔جمعہ کوآئی ایس پی آرسے جاری کردہ بیان کے مطابق آپریشن کے دوران فوجی جوانوں نے خوارج کے ٹھکانے کا موثر طریقے سے گھیرائو کیا جس کے نتیجے میں خارجی سرغنہ عابد اللہ تراب سمیت پانچ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ ایک خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔

خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو علاقے میں سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے۔علاقے میں کسی اور خارجی کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔