سکیورٹی فورسز کی ضلع خیبر کے عمومی علاقے باغ میں کارروائی، خوارج کے سرغنہ سمیت 4 خوارج جہنم واصل ، 2زخمی

104
ISPR

راولپنڈی ۔25جنوری (اے پی پی):پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے ہفتہ 25 جنوری 2025 کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے عمومی علاقے باغ میں خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کیا اور خوارج کے سرغنہ عزیز الرحمن قاری اسماعیل اور مخلص سمیت 4 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آپریشن کے دوران ہماری سکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو موثر طریقے سے گھیرے میں لیا اور اس آپریشن کے نتیجے میں خوارج کا سرغنہ عزیز الرحمان قاری اسماعیل اور مخلص سمیت چار خوارج جہنم واصل ہوئے جبکہ دو خوارج زخمی ہوگئے۔

مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے ۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔