سکیورٹی فورسز کے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردمارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 بہادر جوان شہید ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر

131
ISPR
ISPR

راولپنڈی ۔20ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز کے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردمارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 بہادر جوان شہید ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کے 2 واقعات ہوئے، 19 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر 7 دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی جو پاکستان میں دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔

سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں ان دہشت گردوں کا پتا لگایا اور انہیں مؤثر انداز میں گھیر کر ساتوں خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔دوسرا واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آیا جہاں خوارجی دہشت گردوں کےگروپ نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔سکیورٹی فورسز نے مقابلہ کرتے ہوئے 5 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا اور علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔