راولپنڈی ۔6فروری (اے پی پی):سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان کے علاقے میں آپریشن کے دوران 12 دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق5 اور 6 فروری 2025 کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 12 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار محمد ابراہیم (عمر 34 سال، ضلع ہنگو کے رہائشی) شہید ہوگئے۔
مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے تھے۔ علاقے میں موجود کسی بھی خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔