سیاست اور حکومت کو جانچنے کا واحد پیمانہ کارکردگی اور عوامی خدمت ہے اور ہماری حکومت کا تقابل صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے، وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری

فیصل آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ امور سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سیاست اور حکومت کو جانچنے کا واحد پیمانہ کارکردگی اور عوامی خدمت ہے اور ہماری حکومت کا تقابل صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے، محکمہ لائیوسٹاک کا بجٹ اڑھائی سو گنا تک بڑھایا گیا ہے ، تمام صوبوں کو یکساں مالی وسائل دستیاب ہیں۔ وہ ہفتہ کو محکمہ …

فیصل آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ امور سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سیاست اور حکومت کو جانچنے کا واحد پیمانہ کارکردگی اور عوامی خدمت ہے اور ہماری حکومت کا تقابل صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے، محکمہ لائیوسٹاک کا بجٹ اڑھائی سو گنا تک بڑھایا گیا ہے ، تمام صوبوں کو یکساں مالی وسائل دستیاب ہیں۔ وہ ہفتہ کو محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی جانب سے فیلڈ سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فیصل آباد میں پیراویٹرنری سٹاف میں 119 موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی طاہر جمیل، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹنشن محکمہ لائیوسٹاک لاہور ڈاکٹر سید ندیم بدر، ڈویژنل ڈائریکٹر فیصل آباد لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر روبینہ انجم، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک میڈیم سمبرین، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل احمد انجم سمیت محکمہ کے دیگر افسران اور فیلڈ سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ پنجاب نے وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے جانوروں کی صحت، فیلڈ سٹاف، آلات اور موٹر سائیکلوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی ہے جو دیگر صوبوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اگر دوسرے ترقیاتی شعبوں سے تقابل کیا جائے تو یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ پنجاب میں لائیوسٹاک کے شعبے کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ لائیوسٹاک دیہی آبادی کے لیے محض ذریعہ معاش نہیں بلکہ لوگوں کا قیمتی اثاثہ اور ڈیپازٹ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں جانوروں کی دیکھ بھال پر وہ توجہ نہیں دی جاتی جو پنجاب میں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس شعبے کی جانب خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور جہاں بھی ضرورت محسوس ہوتی ہے وہاں فوری فیصلے کیے جاتے ہیں، چاہے وہ گرین بسوں کا منصوبہ ہو یا دیگر عوامی فلاحی اقدامات کا۔

انہوں نے کہا کہ جب حکمران نیک نیتی سے کام کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ بھی اس میں برکت ڈال دیتا ہے۔ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو دیکھ کر دنیا حیران ہے حالانکہ پنجاب کے وسائل دنیا کے کئی ممالک سے کم ہیں، اس کے باوجود پنجاب کے ہر گاؤں میں صفائی کے انتظامات نظرآتے ہیں جو مؤثر حکمرانی کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں پنجاب کا کوئی ایسا گاؤں نہیں جہاں ترقیاتی کام نہ ہو رہا ہو اور یہ تمام بڑے منصوبے مسلم لیگ (ن) کے ادوار حکومت میں ہی مکمل یا شروع ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ تنقید اور گالم گلوچ کرتے ہیں وہ کرتے رہیں، حکومت عوامی خدمت اورعملی کام پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں کام کرنا آتا ہے وہ نواز شریف اور شہباز شریف کی ٹیم ہے جس نے ہمیشہ ملک اور صوبے کی ترقی کو ترجیح دی۔ انہوں نے پیراویٹرنری سٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک نیکی کا کام انجام دے رہے ہیں کیونکہ آپ پنجاب کے ہر گاؤں تک پہنچ کر جانوروں کی دیکھ بھال کرتے ہیں جو دیہی معیشت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک سروسز کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور پنجاب کو لائیوسٹاک کے شعبے میں ملک کا مثالی صوبہ بنایا جا سکے۔