انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی (آئی ٹی آئی اے)نے آسٹریلوی ٹینس سٹار نک کرگیوس پر کوکین کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 1 ماہ کی پابندی عائد کر دی ، تاہم اب وہ دوبارہ ٹینس کھیلنے کے اہل ہیں۔
کوکین ٹیسٹ مثبت آنے پر آسٹریلیا کے نک کرگیوس پر ایک ماہ کی پابندی کا اعلان

مزید خبریں
کینبرا۔4ستمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی (آئی ٹی آئی اے)نے آسٹریلوی ٹینس سٹار نک کرگیوس پر کوکین کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 1 ماہ کی پابندی عائد کر دی ، تاہم اب وہ دوبارہ ٹینس کھیلنے کے اہل ہیں۔
بی بی سی کے مطابق 31 سالہ نک کرگیوس کی پابندی 3 ستمبر کو ختم ہو گئی۔انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی کے مطابق نک کرگیوس نے جون میں مالورکا اوپن کے دوران جمع کرائے گئے نمونے میں کوکین کے اجزا کی موجودگی کی تصدیق کے بعد تحقیقات کے دوران بتایا کہ انہوں نے 20 جون کی صبح مالاگوف کے ایک نائٹ کلب میں کوکین استعمال کی تھی۔ق نک کرگیوس نے 2 روز بعد مالورکا اوپن میں اپنا میچ کھیلا، جہاں انہیں ہم وطن ایڈم والٹن نے مسلسل 2 سیٹس میں شکست دی۔ ماہرین سے مشاورت کے بعد حکام نے تسلیم کیا کہ کوکین کا استعمال مقابلے سے باہر کیا گیا تھا۔
نک کرگیوس کو زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کی پابندی کا سامنا تھا، تاہم علاج کے پروگرام میں شمولیت کے باعث سزا کم کرکے 1 ماہ کر دی گئی۔ انہیں 6،570 یورو کی انعامی رقم سے بھی محروم ہونا پڑے گا۔ نک کرگیوس جو کبھی عالمی درجہ بندی میں 13 ویں نمبر پر رہ چکے ہیں، اس وقت 918 ویں نمبر پر ہیں اور رواں سال صرف 4 سنگلز میچز کھیل سکے ہیں۔ گھٹنے اور کلائی کی انجریز کے باعث انہیں گزشتہ چند برسوں میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔نک کرگیوس نے پابندی کے اعلان کے بعد کہا تھا کہ وہ 28 روز تک سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور عوامی سرگرمیوں سے دور رہ کر اپنی صحت پر توجہ دیں گے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ گزشتہ چند برسوں کی انجریز نے انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر شدید متاثر کیا، تاہم ان کے بقول یہ حالات ان کے کیے کو درست ثابت نہیں کرتے۔ نک کرگیوس نے اپنے کیریئر میں 7 اے ٹی پی ٹور سنگلز ٹائٹل جیتے اور 2022 میں ومبلڈن کا فائنل کھیلا، جہاں انہیں نوویک جوکووچ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ اسی سال انہوں نے تھاناسی کوکیناکس کے ساتھ آسٹریلین اوپن کا مردوں کا ڈبلز ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔








