عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا پر صدر جیانی انفینٹینو اور فیفا قیادت کے خلاف کردار کشی مہم چلانے کا الزام عائد کر دیا۔
فیفا کا یوئیفا پر بڑا الزام، جیانی انفینٹینو کے خلاف منظم مہم کا دعویٰ

مزید خبریں
نیویارک۔4ستمبر (اے پی پی):عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا پر صدر جیانی انفینٹینو اور فیفا قیادت کے خلاف کردار کشی مہم چلانے کا الزام عائد کر دیا۔
بی بی سی کے مطابق یہ تنازع جیانی انفینٹینو کے اس متنازع منصوبے سے متعلق ہے جس کے تحت ورلڈ کپ کے تجارتی حقوق میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ دینے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ یوئیفا نے گزشتہ ہفتے امریکا کی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے فیفا سے متعلق دستاویزات اور شواہد طلب کیے تھے تاکہ سوئٹزرلینڈ میں ممکنہ فوجداری کارروائی کے لیے انہیں استعمال کیا جا سکے۔یوئیفا نے جیانی انفینٹینو پر ’فوجداری بدانتظامی‘ کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ورلڈ کپ کی مالیت تقریباً 15 ارب پاؤنڈ مقرر کی گئی، جو کسی کھلے مسابقتی عمل یا آزاد ماہر کی جانب سے جائزے کے بغیر طے کی گئی تھی۔
فیفا نے امریکی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں یوئیفا کے مؤقف کو قانونی خامیوں کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ فٹبال کی یورپی تنظیم ایسے غیرملکی فوجداری مقدمے کے لیے شواہد حاصل کرنا چاہتی ہے جو ابھی موجود ہی نہیں۔فیفا کے مطابق ’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘ منصوبہ صرف ایک تجویز تھا اور اس پر عمل درآمد کے لیے فیفا کی رکن تنظیموں کی حمایت اور فیفا کونسل کی منظوری ضروری تھی۔ فیفا نے الزام عائد کیا کہ یوئیفا نے اس جمہوری عمل میں حصہ لینے کے بجائے جیانی انفینٹینو اور فیفا قیادت کے خلاف مہم شروع کر دی۔منصوبے کے تحت امریکی سرمایہ کار جوشوا کشنر کی کمپنی ’تھرو ایٹرنل‘ نے نئی تجارتی ذیلی کمپنی میں 20 فیصد حصص کے لیے 4.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر بات چیت کی تھی۔
تاہم شدید ردعمل کے بعد جولائی میں یہ منصوبہ ختم کر دیا گیا۔فیفا کا کہنا تھا کہ منصوبے سے 2027 سے 2030 کے دورانیے میں ہر قومی فٹبال تنظیم کو ملنے والی رقم 5.9 ملین پاؤنڈ سے بڑھ کر 14.7 ملین پاؤنڈ ہو سکتی تھی۔یوئیفا نے کشنر اور امریکی سرمایہ کار گریگ مافی سے بھی دستاویزات اور بیانات حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔ دوسری جانب کشنر نے منصوبے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے بنیادی مقاصد پر قائم ہیں، تاہم عالمی فٹبال کی سیاسی صورتحال کا درست اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔فیفا اور یوئیفا کے درمیان بڑھتا ہوا تنازع اب جیانی انفینٹینو کی قیادت کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے، جنہیں 3 کنفیڈریشنز کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کے مطالبات کا سامنا ہے۔








