سیاست کی آڑ میں قانون کے رکھوالوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا صرف لاقانونیت اور غنڈہ گردی ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں قانون کے رکھوالوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا صرف لاقانونیت اور غنڈہ گردی ہے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے عمران خان کی 2014ء کی تشدد اور انتشار کی ویڈیوز جاری کرتے ہوئے کہا کہ خونی مارچ کے مناظر یہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو سیاست میں تشدد کی مذمت کرنا ہوگی۔ قوم نہ بھولے یہ وہ فسادی اور فتنہ جتھہ ہے جو ملک میں ایک مرتبہ پھر انتشار پھیلانے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 9 اگست 2014ء کو کہا تھا کہ ہمارا لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف پرامن رہے گا اور پھر انہوں نے 126 دن پاکستان میں سول نافرمانی کی۔

لوگوں کو انتشار پر اکسانے، بجلی کے بل جلانے، ہنڈی سے پیسے بھجوانے اور مار دو، گرا دو، جلا دو کا فساد عوام نے دیکھا، قوم کو سیاست میں فساد اور انتشار کی مذمت کرنی چاہئے۔