یونیورسٹی آف شانگلہ میں امن، سلامتی اور قومی استحکام کے حوالے سے سیمینار

یونیورسٹی آف شانگلہ میں امن، سلامتی اور قومی استحکام کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر شانگلہ عبداللہ شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی نے خصوصی شرکت کی

پشاور۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف شانگلہ میں امن، سلامتی اور قومی استحکام کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر شانگلہ عبداللہ شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی نے خصوصی شرکت کی ۔

بدھ کو ترجمان شانگلہ پولیس کے مطابق سیمینار میں یونیورسٹی آف شانگلہ کے جملہ اساتذہ کرام، انتظامی افسران اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد نوجوان نسل میں امن و سلامتی کی اہمیت، قومی یکجہتی، باہمی رواداری اور ملکی استحکام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی نے کہا کہ امن و سلامتی کسی بھی۔معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہے۔ ایک پرامن اور مستحکم معاشرہ ہی تعلیم، معیشت اور ترقی کے میدان میں آگے بڑھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل بالخصوص طلبہ ملک کا مستقبل ہیں، اس لیے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ مثبت سوچ، برداشت، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔

موجودہ دور میں امن و امان کے قیام کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام اور بالخصوص نوجوانوں کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ڈی پی او شانگلہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ صرف طاقت سے نہیں بلکہ شعور، تعلیم، اتحاد اور مثبت سوچ کے ذریعے بھی کیا جا سکتا ہے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ یا گمراہ کن معلومات کو آگے بڑھانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ شانگلہ پولیس امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ایک محفوظ و پُرامن ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کر رہی ہے۔

پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس نے منشیات کی تدارک حوالے تفصیلی لیکچر دییونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ڈی سی شانگلہ عبداللہ شاہ اور ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس کو امن کے فروغ میں خدمات پر اعزازی شیلڈز اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں ڈپٹی کمشنرشانگلہ عبداللہ شاہ اور ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی نے اسناد تقسیم کیں ۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے امن، قومی یکجہتی اور ملکی استحکام کے فروغ کے لیے واک بھی کیا اور اپنے عزم کا اظہار کیا۔