مشکل پچز پر کھیلنے سے بیٹنگ میں پختگی آتی ہے اور ایسی پچز پر کھیل کر کرکٹ آسان لگنے لگتی ہے، حسن نواز

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز نے کہا ہے کہ مشکل پچز پر کھیلنے سے بیٹنگ میں پختگی آتی ہے اور ایسی پچز پر کھیل کر کرکٹ آسان لگنے لگتی ہے، بھارت کے خلاف حالیہ ایشین گیمز میں عمدہ کارکردگی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن نواز نے کہا کہ ایشین گیمز میں بھارت کے خلاف فائنل نہ …

راولپنڈی ۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز نے کہا ہے کہ مشکل پچز پر کھیلنے سے بیٹنگ میں پختگی آتی ہے اور ایسی پچز پر کھیل کر کرکٹ آسان لگنے لگتی ہے، بھارت کے خلاف حالیہ ایشین گیمز میں عمدہ کارکردگی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن نواز نے کہا کہ ایشین گیمز میں بھارت کے خلاف فائنل نہ جیتنے کا افسوس ہے، گولڈ میڈل حاصل کر کے وطن واپس آنے کا خواب تھا تاہم اس میچ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف واپسی ان کے لیے خاص اہمیت رکھتی تھی کیونکہ اس سے قبل بھی اسی ٹیم کے خلاف خراب کارکردگی کے باعث انہیں ڈراپ کیا گیا تھا۔ حسن نواز نے کہا کہ وہ بھارت کے خلاف فارم میں نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوئے تھے اور پھر اسی حریف کے خلاف ہی دوبارہ قومی ٹیم میں واپسی ہوئی جس سے انہیں اضافی اعتماد ملا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں وہ توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے تاہم ایشین گیمز کے فائنل میں اسی حریف کے خلاف اچھی اننگز کھیلنے سے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ غلطیوں سے سیکھنا ضروری ہے، ایک خراب کارکردگی سے دنیا ختم نہیں ہو جاتی، مستقبل میں بھارت کے خلاف مزید میچز ہوں گے اور وہ بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

قومی بیٹر نے بتایا کہ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے انہیں واپسی کے لیے ایک پلان دیا تھا جس پر انہوں نے محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مشکل پچز پر کھیلنے کا موقع ملتا ہے جس سے مشکل حالات میں بیٹنگ کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے اور بین الاقوامی سطح پر کھیل نسبتاً آسان محسوس ہونے لگتا ہے۔ حسن نواز نے کہا کہ مشکل حالات میں کھیلنے اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے سے کھلاڑی کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، وہ آئندہ میچز میں بھی اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے اور ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔