گلگت۔29اکتوبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں الیکشن ایکٹ 2017ء کے قواعد و ضوابط کے مطابق، مالی سال 25-2024 کے اختتام یعنی 30 جون 2025ء تک کے اپنے اکاؤنٹس کی جامع آڈٹ شدہ تفصیلات جمع کرانے کی پابند ہیں۔ اس سلسلے میں کمیشن کی جانب سے جاری کردہ یاد دہانی مورخہ 28 اگست 2025ء …
سیاسی جماعتیں مالی سال 25-2024 کے اپنے اکاؤنٹس کی جامع آڈٹ شدہ تفصیلات الیکشن کمیشن گلگت بلتستان میں جمع کرانے کی پابند ہیں

مزید خبریں
گلگت۔29اکتوبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں الیکشن ایکٹ 2017ء کے قواعد و ضوابط کے مطابق، مالی سال 25-2024 کے اختتام یعنی 30 جون 2025ء تک کے اپنے اکاؤنٹس کی جامع آڈٹ شدہ تفصیلات جمع کرانے کی پابند ہیں۔ اس سلسلے میں کمیشن کی جانب سے جاری کردہ یاد دہانی مورخہ 28 اگست 2025ء کو مقامی اور قومی اخبارات میں شائع ہوچکی ہے، تاہم اب ایک مرتبہ پھر توجہ دلائی جا رہی ہے کہ مقررہ تاریخ 30 نومبر 2025ء تک یہ گوشوارے لازمی طور پر جمع کرائے جائیں۔شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017ء کی شق 210 کے مطابق، ہر سیاسی جماعت اپنے اکاؤنٹس ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے آڈٹ کروا کر فارم ڈی پر جمع کرانے کی پابند ہے۔
اس بیان میں جماعت کی سالانہ آمدنی و اخراجات، فنڈز کے ذرائع، اور اثاثہ جات و واجبات کی تفصیلات شامل ہونی چاہئیں۔ اس کے ساتھ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی رپورٹ اور پارٹی کے مجاز عہدیدار کی تصدیق بھی منسلک ہونی چاہیے جس میں اس بات کی تصدیق ہو کہ جماعت نے کسی بھی ممنوعہ ذریعے سے فنڈز حاصل نہیں کیے اور جمع کرایا گیا مالی بیان جماعت کی حقیقی مالی صورتحال کی درست عکاسی کرتا ہے۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے سیکرٹریٹ سے فارم ڈی مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں جبکہ یہ فارم اور فنڈز کے ذرائع سے متعلق پروفارما کمیشن کی ویب سائٹ (www.ecgb.gov.pk) پر بھی دستیاب ہیں۔ تمام اندراجات صاف اور درست ہوں، کسی قسم کی مٹائی یا اوور رائٹنگ سے گریز کیا جائے۔
آڈیٹر کے ساتھ انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی اے پی) کی رکنیت اور اس کی آخری تجدید شدہ سند کی مصدقہ کاپی بھی فارم کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہے۔علاوہ ازیں، ہر سیاسی جماعت اپنے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بمعہ 01 جولائی 2024ء سے 30 جون 2025ء تک کے بینک اسٹیٹمنٹس کی نقول بھی جمع کرائے۔ یہ تمام دستاویزات چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان، جٹیال گلگت کے نام بذریعہ جماعت کے مجاز عہدیدار، جو پارٹی سربراہ کی جانب سے بااختیار ہو، مقررہ تاریخ یعنی 30 نومبر 2025ء تک ذاتی طور پر جمع کرانی ہوں گی۔واضح رہے کہ بذریعہ ڈاک، فیکس، کورئیر یا کسی دوسرے ذریعے سے ارسال کیے گئے گوشوارے قابل قبول نہیں ہوں گے۔ مقررہ تاریخ تک جمع نہ کرانے کی صورت میں انتخابات ایکٹ 2017ء کی شق 215 کی ذیلی دفعات (4) اور (5) کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔








