سموگ تدارک مہم کے تحت لاہور ٹریفک پولیس نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گے۔
دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ،سی ٹی او

مزید خبریں
لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):سموگ تدارک مہم کے تحت لاہور ٹریفک پولیس نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ انسانی صحت اور عوامی تحفظ کے لیے سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے، آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔منگل کو جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ دھواں چھوڑنے اور آلودگی کا باعث بننے والی 34 گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس معطل کیے گئے، جبکہ بغیر ترپال مٹی، ریت اور دیگر آلودگی کا باعث بننے والی 3752 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
سی ٹی او کے مطابق بغیر فٹنس اور خستہ حال 12 ہزار 272 گاڑیوں جبکہ خطرناک حد تک اوور لوڈنگ پر 5210 ہیوی وہیکلز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سموگ مہم کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 54 ہزار 890 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بغیر ترپال مٹی اور ریت سے لدی ٹرالیوں اور ڈمپرز کا شہر لاہور میں داخلہ بند ہے، خلاف ورزی پر مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔
مٹی، ریت اور دیگر مائنز سائٹس پر خصوصی کریک ڈان بھی جاری ہے جبکہ بغیر ترپال، پانی اور دیگر حفاظتی اقدامات کے ٹریکٹر ٹرالی چلانے کی اجازت نہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ڈی ایس پیز خصوصی کارروائیاں کر رہے ہیں، جبکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی مدد سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی چالاننگ بھی کی جا رہی ہے۔ سموکی وہیکلز کی درستگی کے لیے متعدد سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو مراسلے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔







