پاکستان پوسٹ کا خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے 1,691 موبائل سیٹس خریدنے کا منصوبہ

پاکستان پوسٹ خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ڈاکیوں کے لیے 1,691 موبائل سیٹس خرید رہا ہے۔

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):پاکستان پوسٹ خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ڈاکیوں کے لیے 1,691 موبائل سیٹس خرید رہا ہے۔

ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق موبائل سیٹس یونیورسل پوسٹل یونین کے کوالٹی آف سروس فنڈ (یو پی یو کیو ایس ایف) کے ذریعے خریدے جائیں گے۔یہ خریداری پاکستان پوسٹ کے زیرعمل متعدد موجودہ اقدامات میں شامل ہے، جن میں یو پی یو کیو ایس ایف کے ذریعے جنرل پوسٹ آفسز (جی پی اوز) اور ڈسٹرکٹ میل آفسز (ڈی ایم اوز) کے لیے 100 ٹرائی سائیکلز/لوڈرز کی خریداری بھی شامل ہے۔پاکستان پوسٹ ایگزم بینک آف کوریا کے ذریعے 2,761 ڈاک خانوں کی آٹومیشن کے ایک بڑے منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے۔

دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کی سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے منظوری دے دی ہے اور اسے مالی سال 27-2026کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں شامل کیا گیا ہے۔منصوبے کے لیے درکار فنڈز اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کے ذریعے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

آٹومیشن منصوبے کا فیز-I اور فیز-II مکمل ہو چکا ہے جبکہ فنڈز کی منظوری کے بعد فیز-III پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل کی تاریخ دسمبر 2027 ہے۔پاکستان پوسٹ اپنے کاروباری منصوبے کی تیاری کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے عمل کو بھی آگے بڑھا رہا ہے اور اس سلسلے میں ریکویسٹ فار پروپوزل (آر ایف پی) کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔