سیاسی شعبدہ باز پارلیمان کا فورم استعمال کر کے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

136

اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کی تقریر کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے خطے اور عالمی سطح پر درپیش حالات سے مکمل لاعلمی کا مظہر ہے، ان کا بیان تضادات کا مجموعہ اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے، اپوزیشن اپنی سیاست کے لیے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے، سیاسی شعبدہ باز پارلیمان کا فورم استعمال کر کے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، ماضی کی حکومتوں نے وطن عزیز کے اداروں کو تباہ حال کر کے بے سمت کیا۔ جمعرات کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی سمت درست کرکے خوشحالی اور ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے، پاکستان کے عوام با شعور ہیں۔ ملکی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والے عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے، ماضی کی حکومتوں نے ذاتی مفادات اور فوائد کے لئے اداروں کو مفلوج کیا، اپنے منشور کے تحت ہم اداروں میں اصلاحات کرکے سروس ڈلیوری بہتر بنا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تمام چیلنجز سے بخوبی نمٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مثبت تجاویز کی بجائے سیاست کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان قوم کو کورونا وائرس کی وبا سے محفوظ رکھنے اور بھوک سے بچانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔