اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو غداری سے لنک کرانے والی بشری بی بی کی "ارسلان بیٹے” کو ہدایت تازہ شاہکار ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اصلی اور بشریٰ بی بی کی تیارکردہ دونوں وڈیوز پیش خدمت ہیں، وڈیو میں نے بنائی اور گزشتہ روز سہ پہر 4 بج کر28 منٹ پر میں نے میڈیا کو جاری کی تھی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اے آر وائی ( ARY )کے پاس بھی اوریجنل ویڈیو موجود ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وڈیوایف آئی اے سائیبر کرائم ونگ بھجوا دی ہے تاکہ وڈیو میں آوازیں شامل کرنے والے جعلساز قانون کی گرفت میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت اور آزادی اظہار کی آڑ میں جھوٹ پھیلانےعمران خان کی کرپشن سے توجہ ہٹانے کے ایجنڈے کا حصہ بننے والے ARY کو بھی شرم آنی چاہئے جو سچائی اور حقیقت کا ہر لمحے قتل کرتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اربوں روپے کے غیرقانونی ٹھیکے مل رہے ہوں تو پھر صحافت کے لبادے میں جھوٹ کا پرچار ہی ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران صاحب کی یہ اوچھی، نیچ اور گھٹیا حرکت اس مائنڈ سیٹ کا اظہار ہے، جو مدینہ کی ریاست کا پاک نام سے لے کر فیٹف ،کورونا ، سیلاب ،مذہب،سیاسی مخالفین کی صحت، معیشت اورعوام کے روزگار پر جھوٹ بولتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مری میں سیاحوں کی لاشیں برف کے نیچے پڑی رہیں بشری بی بی نے جانے کی اجازت نہیں دی، پہاڑوں کی سیر کرتا رہا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب تکلیف ہو گئی ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف عوام کی مشکلات میں ان کی مدد کیوں کرتے ہیں،ان کے پاس کیوں جاتے ہیں، ان سے ہمدردی کیوں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کے جنازے پڑے تھے اور عمران خان نے کہا کہ بلیک میل نہیں ہوں گا۔نعیم الحق اور کئی قریبی ترین دوست وفات پاگئے،عمران صاحب کو جنازے میں شرکت کی اجازت نہ ملی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں بدترین سیلاب اور ڈینگی تھا لیکن بے شرم اور بے حس عمران صاحب وزیراعلیٰ ہاؤس میں لڈو کھیلتا رہا۔
خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے کی بجائے عمران صاحب اور بشری ٰ بی بی وزیراعظم شہباز شریف کی ویڈیو کی ایڈیٹنگ اور جعلسازی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمرہ ایکشن اور ARY کی لائٹ کی ضرورت عمران خان کو ہے شہباز شریف کو نہیں ۔