سیالکوٹ۔8جولائی (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر فرقہ واریت کو فروغ دینے والے دو افراد کو جیل میں نظر بند کر دیاہے ۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ ڈوگراں کلاں میں دو افراد نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فرقہ واریت کو فروغ دینے کے حوالے سے پوسٹ شیئر کی ۔ جس پر ڈسٹرکٹ پولیس سیالکوٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد عدنان اکبر اورعمر شہزادکے نظر بندی کے احکامات جاری کروا کر ڈسٹرکٹ جیل بند کروا دیا ۔
اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر شر انگیز عناصر کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت ، فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی پھیلانے والے امن دشمن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔سوشل میڈیا صارفین کسی بھی پلیٹ فارم پر مسلکی ،مذہبی بحث سے گریز کریں خلاف ورزی کی صورت میں پولیس و ایف آئی اے کو بر وقت مطلع کریں۔ڈسٹرکٹ پولیس سیالکوٹ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔