سیالکوٹ۔18جون (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سیالکوٹ کے نواحی گائوں بھلووالی اور سٹی ایریا میں کریک ڈاؤن کیا ،اس دوران شہر کے داخلی وخارجی راستوں کی ناکہ بندیوں پر 212گاڑیوں میں47ہزار لیٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ کی گئی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق بھلووالی گاؤں میں چھپ کر ملاوٹی دودھ تیار کیا جارہا تھاجہاں 600لیٹر ملاوٹی دودھ تلف،75کلو پاؤڈر، مکسر، کنٹینر، ڈرمز، موٹر سمیت دیگر سامان ضبط کیااور 2ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ناکہ بندی کے دوران 13سپلائرز کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ جعلی و مضر صحت خوراک کی ترسیل سنگین جرم ہے۔جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری گھروں میں استعمال کیے جانے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت ٹیسٹ کروائیں۔صحت دشمن عناصر کی پنجاب میں جگہ نہیں زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔