سیالکوٹ۔ 19 جون (اے پی پی):سیالکوٹ کے علاقہ کوٹلی لوہاراں چرچ میں’’انٹر فیتھ ایکسچینج وزٹ‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی جس کا مقصد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان مکالمے، باہمی افہام و تفہیم اور رواداری کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں مختلف مذاہب، عقائد اور فرقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور اپنے مذہبی عقائد، عبادات اور اقدار کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء نے ایک دوسرے کے عقائد کو سمجھنے اور عزت دینے کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی احترام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔پروگرام کوآرڈینیٹر صبا نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا یہ پروگرام بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن معاشرتی فضا کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ ہمارا مقصد صرف مختلف عقائد کو سننا یا جاننا نہیں بلکہ ان کے ساتھ جڑنے اور ان سے سیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
جب ہم ایک دوسرے کی بات کو دل سے سننا سیکھتے ہیں تو تبھی ایک مضبوط، پرامن اور باشعور معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو بھی اس سوچ کا حصہ بنانا ہوگا تاکہ وہ تنوع کو قبول کرنا سیکھیں اور مثبت معاشرتی کردار ادا کریں۔ میں تمام شرکاء اور منتظمین کی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس کوشش کو کامیاب بنایا۔پروگرام میں بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی یگانگت، اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرتی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے تمام طبقات کو مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔سندس نےاس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں ہم آہنگی، برداشت اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں اور مستقبل میں بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔
پروگرام کا اختتام باہمی دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ ہوا، اور شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس جیسے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔