سیالکوٹ۔19جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے ٹماٹرکے کاشتکاروں کوفصل کی آبپاشی میں انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع)سیالکوٹ رانا سلیم شاد نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث فصل کو 15 سے 20روز میں پانی دیاجائے اور ٹماٹرکی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کےلئے ابتدائی ایام میں ہی 2سے 3مرتبہ مناسب گوڈی کر دی جائے تاکہ ٹماٹرکے پودوں کو نقصان نہ پہنچ سکے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیئےکہ وہ گوڈی کرتے وقت ٹماٹر کے پودوں پرمٹی چڑھادیں اورپودوں کا رخ پٹڑیوں کی جانب کرتے رہیں تاکہ ٹماٹر پانی میں گرکر ضائع نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ٹماٹرکے کاشتکار جڑی بوٹیو ں کے کیمیائی انسداد کےلئے ماہرین زراعت کی سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہروں کاسپرے کریں اور اگرانہیں فصل کے بارے میں کوئی معلومات درکار ہوں تو فوری ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا توسیع وپیسٹ وارننگ کے عملہ سے رابطہ کیاجاسکتاہے۔