سیالکوٹ ریسکیو 1122 کا ساہووالہ کے مقام پر نہر میں سیلابی صورت حال سے بروقت نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کت فرضی مشق کا انعقاد

203
Rescue 1122

سیالکوٹ۔ 06 جون (اے پی پی):سیالکوٹ ریسکیو 1122 نے ساہووالہ کے مقام پر مرالہ راوی لنک نہر میں سیلابی صورت حال سے بروقت نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر فرضی مشق کا انعقاد کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے بتایا کہ سیکٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد و ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین کی زیر نگرانی مرالہ راوی لنک پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور محافظین نے انکی سربراہی میں ساہووالہ کے مقام پر نہر پہ سیلاب سے بچاؤ کی فرضی مشقوں میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حصہ لیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار، ڈی ڈی ایم سی سیالکوٹ کیوان حسن، تحصیلدار سمبڑیال سرفراز چیمہ نے سیلابی صورت حال کی فرضی مشقوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع ریسکیو 1122 کی ٹیموں کے علاوہ فرضی مشقوں میں ضلع کے دوسرے اداروں جن میں سول ڈیفنس، واسا، میونسپل کارپوریشن، محکمہ ہیلتھ، محکمہ انہار، محکمہ لائیو اسٹاک، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور روز ویلفیئر سے چیمپئین کلین گرین پاکستان اشفاق نذر، سوشل ورکر عبدالشکور مرزا، میاں اعجاز انجم اور سرفراز نواز، ینگ بلڈ آرگنائزیشن ڈسکہ نے حصہ لیا اور سیلاب سے نبرد آزما ہونے والے آلات و تیاریوں کے حوالے سے کیمپس لگائے۔

ریسکیو 1122 نے مشق کے دوران سیلاب میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا، ڈوبتے شخص کو بچانے کا عملی نمونہ پیش کیا۔ ریسکیو ڈسٹرکٹ وارڈن محمد جمیل جنجوعہ کی زیر سر پرستی ریسکیو سکاوٹس کی ٹیم نے بھی اس فرضی مشق میں حصہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نے ریسکیو آلات کے سٹالز کا جائزہ بھی لیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفسیر انجینئر نوید اقبال نے اے ڈی سی ایف اینڈ پی کو سیلابی صورتحال کے حوالے سے ریسکیو کی تیاریوں کے بارے میں بریف کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) نے ریسکیو و دیگر اداروں کی ممکنہ سیلاب کی تیاری و باہمی تعاون کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔