سیالکوٹ شہر میں ٹریفک کی روانی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل

120
Punjab Assembly
Punjab Assembly

سیالکوٹ۔ 02 دسمبر (اے پی پی):سیالکوٹ شہر میں ٹریفک کی روانی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے لیے ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی، میونسپل کارپوریشن ریگولیشن ونگ اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کا مشترکہ اسکوارڈ بنایا جائیگا۔ یہ بات اراکین پنجاب اسمبلی محمد منشاءاللہ بٹ، فیصل اکرام چودھری، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال اور ڈی پی او رانا عمر فاروق کی زیر سربراہی متعلقہ اداروں کے مقامی حکام اور اسٹیک ہولڈرز کی ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، سی او میونسپل کارپوریشن افضل ملک، ڈی ایس پی سٹی طارق ڈھڈی، ڈی ایس پی ٹریفک بابر، ٹریفک انسپکٹر خرم شہزاد، سیکرٹری آر ٹی اے مظفر مختار، سابق ڈپٹی میئر چودھری بشیر، نواز بھٹی، چودھری محمد اکرم، قیصر بھٹی، حسنین بیگ اور حامد ناصر بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے محمد منشاءاللہ بٹ نے کہا کہ اس وقت ٹریفک سیالکوٹ شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے جہاں تمام محکموں نے اپنا کردار ادا کرنا ہے وہیں پر شہریوں کی بھی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور ون وے کی خلاف ورزی اور رانگ پارکنگ سے مکمل گریز کریں۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال اور ڈی پی او رانا عمر فاروق نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کی زیر سربراہی ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی اور تجاوزات کے خلاف ایکشن اسکوارڈ تشکیل دیا جائیگا جس میں ٹریفک پولیس، سٹی پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور میونسپل کارپوریشن کا ریگولیشن ونگ کے نوٹیفائیڈ اسپیشل اسکوارڈ حصہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر شہر کی 5 اہم سڑکوں کو تجاوزات فری بنایا جائے گا جبکہ مسلم بازار اور لہائی بازار میں واکنگ اسٹریٹس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جس میں دن کے اوقات کار میں ہر قسم کی ٹریفک کے داخلہ پر پابندی عائد کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ ڈیفنس روڈ پر بھی دن کے اوقات کار میں ہیوی ٹریفک بند رہے گی کا بھی جلد نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں چلنے والی ٹرائی سائیکل رکشہ کی رجسٹریشن کرکے ان کو زون میں تقسیم کیا جائے گا اور زون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اندرون شہر ٹریفک مینجمنٹ کیلئے ریلوے اسٹیشن پر پارکنگ پلازہ کی تعمیر کیلئے منصوبے بنائے جائیں گے جبکہ کشمیر روڈ پر ٹریفک پولیس کی تجاویز کے مطابق روڈ انجینئرنگ میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیل پیٹرول پمپ چوک پیری روڈ پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب شروع ہوگئی ہے

اسی طرح دوسرے اہم چوکوں میں میونسپل کارپوریشن ٹریفک سگنلز نصب کرے گی۔ ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ سے بھی مدد لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رانگ پارکنگ اور ون وے کی خلاف ورزی پر گاڑیوں کو بند کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ریلوے روڈ سے ناجائز تجاوزات کو ہٹا کردیا ہے جس سے ٹریفک میں روانی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 سو سے زائد اسسٹنٹ/ جونیئر ٹریفک وارڈنز نئے بھرتی کئے گئے جن کی ٹریننگ جاری ہے اور جلد ہی وہ ٹریفک پولیس کو جوائن کریں گے۔