سیالکوٹ وزیر آباد روڈ پر واقع فیکٹری کے غیر ملکی منیجر کو مشتعل ہجوم نے تشد د کرکے ہلاک کردیا ، ملزمان کی گرفتار ی کےلئے پولیس کے چھاپے ، ترجمان سیالکوٹ پولیس

65

سیالکوٹ۔3دسمبر (اے پی پی):سیالکوٹ وزیر آباد روڈ پر واقع نجی فیکٹری کے ایک سری لنکن منیجرکو مشتعل ہجوم نے تشد د کرکے ہلاک کردیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتار ی کےلئے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں ۔ آر پی او گوجرانوالہ کے مطابق متوفی کی شناخت پریانتھا کمارا سے ہوئی ہےجو ایک سری لنکن شہری تھا۔انہوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ہر جان قیمتی ہوتی ہے اور ہلاکت میں ملوث افراد کو کیفرکردار ٹک پہنچایا جائے گا۔ دریں اثنا ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح 11:30 منٹ پر پولیس کو وزیر آباد روڈ پر واقع فیکٹری میں لڑائی جھگڑے اور ورکر پر تشدد کی اطلاع ملی جس پر تھانہ اگوکی کے ایس ایچ او 11:50 پر جائے وقوعہ پر پہنچے تو چند مشتعل افراد نے ایک شخص کو آگ لگائی ہوئی تھ۔ی پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر آگ بجھائی ۔

افسوس ناک واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او سیالکوٹ اور پولیس کے دیگر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور حالات کو قابو میں کیا۔ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 1412 بجرم 302،201،297،147،149،427،431 اور 7ATA تھانہ اگوکی میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر کے کاروائی شروع کر دی گئی ہے ۔

ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ کی سربراہی میں 10 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ جو ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی نشاندھی کے بعد گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے ۔واقعہ میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترجمان ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے بتایا کہ ایک کالر کی اطلاع کے مطابق تھانہ اگوکی کے علاقہ نول موڑ وزیرآباد روڈ پر واقع نجی فیکٹری کے منیجرسری لنکن شہر ی پر یانتھا کو مشتعل ہجوم نے زدوکوب کیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیااور ہجوم نےنعش کو سڑک پررکھ کر آگ لگا دی۔ریسکیو 1122 نے نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔