سیالکوٹ۔ 02 جون (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے مویشی چوری کی وارداتوں میں ملوث شہریار عرف چوا بین الاضلاعی گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ارکان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کےمطابق ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال کی ہدایت پر سیالکوٹ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری کر رکھا ہے اس سلسلہ میں ڈی ایس پی پسرور سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ بڈیانہ انسپکٹر عرفان اشرف نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مویشی چوری کی وارداتوں اور منشیات فروشی میں ملوث شہریار عرف چوا گینگ کے سرغنہ سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت شہریار ،عمر عرف بلال ،یعقوب عرف اشرف اور مجید عرف کالا قصائی کے ناموں سے ہوئی۔دوران تفتیش ملزمان سے 11 مقدمات ٹریس ہوئے ہیں اور قبضہ سے 53 لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ جس میں 25 مال مویشی(بھینسیں، گائیں، کٹے اور بچھڑے)، 2 لوڈر رکشے اور 2 کلو 680 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
برآمد شدہ مال مویشی اصل مالکان کے حوالے کر دئیے گئے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہےجن سے مزید برآمدگی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال نے پولیس ٹیم میں شامل افسران و ملازمین کو مویشی چور گینگ کو گرفتار کرنے پر تعریفی سرٹفیکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔