سیالکوٹ۔17نومبر (اے پی پی):سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں فکر اقبال سیمینار و تقریب رونمائی تاریخ ادبیات سیالکوٹ از ڈاکٹر نصیر احمد اسد کا انعقاد ہوا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری میاں محمد خلیل کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس سیمینار و تقریب رونمائی میں فکر اقبال سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعت رسول مقبول کے بعد کلام اقبال پیش کیا گیا۔ ذیشان ساغر نے کلام اقبال پڑھا تو ہال میں موجود سامعین پر جیسے سحر طاری ہو گیا ہو۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری میاں محمد خلیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فکر اقبال پر عمل پیرا ہو کر ہی اپنی زندگی کو ایک کامیاب ز ندگی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہمیشہ فکر اقبال کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہےاور جب بھی کسی نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے حوالے سے کوئی تقریب منعقد کرنے کی اجازت چاہی تو کبھی بھی اسے انکار نہیں کیا گیا کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ نہ سہی لیکن جتنا بھی ہم فکر اقبال کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں کریں تاکہ دنیا علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات سے روشناس ہو سکے۔
انہوں نے تقریب کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اور حکیم الامت مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار ونظریات کے حوالے سے اس طرح کی تقریبات کے لیے اپنے مکمل اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کونسل وائس چیئر پرسن لائنز انٹرنیشنل ایل ایم ڈی 305 پاکستان لائن شفقت خاور چوہدری، سیکنڈ وائس ڈسٹرکٹ گورنر لائن محمد سلیم، سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری محمد اعجاز غوری، چیئرمین ہلٹن سٹی سیالکوٹ ندیم مشتاق چوہدری، مدیر سٹی میگ خالد لطیف، چیئرپرسن اقبال چیئر جی سی خواتین یونیورسٹی سیالکوٹ ڈاکٹر سبینہ اویس اعوان، جنرل سیکرٹری پاکستان لٹریری فورم فریدالدین مسعود برہانی اور چیئرمین عالمی بزم حمد و نعت مقبول احمد شاکراس تقریب کے مہمانان خصوصی تھے۔