سیالکوٹ۔ 12ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر تجارت، ٹیکسٹائل و انویسٹمنٹ رزاق داؤد نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ شہر پاکستان کیلئے ایک مثال ہے۔ سیالکوٹ کے تاجروں کی اور ان کی تیار شدہ مصنوعات کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔سیالکوٹ کے تاجر تجارت کے فروغ کے لیے شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ وزیر اعظم کے مشیر تجارت، ٹیکسٹائل و انویسٹمنٹ رزاق داؤد نے کہا کہ ازبکستان کے نائب وزیر اعظم نے اپنے دورہ پاکستان میں خواہش ظاہر کی کہ ازبکستان سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ تجارتی اغراض و مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہتاہے۔ ازبکستان نے گوادرمیں تھوڑا رقبہ مانگا تاکہ وہ اپنا میٹریل وہاں سٹاک کر سکے ہم نے اس کی اجازت دے سی ہے لیکن ایک شرط پہ جو میٹریل ان کا یہاں سٹاک ہو گا وہ پاکستانی صنعتکاروں کیلئے بھی دستیاب ہوگا۔ اس ضمن میں اکتوبر کے آخری ہفتے میں ازبکستان کا دورہ کروںگا۔ اس موقع پر مشیر تجارت نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہمیں پاکستانی مصنوعات کی درآمدکو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہیں اور زیادہ منافع کمانے کے لئے مصنوعات کی تیاری میں آنے والے اخراجات کی لاگت کو کم کرکے زیادہ منافع حاصل کرنا ہے۔ زیادہ نوکری کے مواقع پیدا کرنے ہیں۔ اور پاکستان میں لوکل کاروبار کو بڑھانا ہے ۔ہمیں روایتی تجارت کے طریقوں سے ہٹ کر اپنی مصنوعات کو تیار کر کے اقوام عالم تک لے کر جانا ہے۔ہم ٹیکسٹائل سیکٹر کو مزید پروموٹ کرنے جارہے ہیں۔ اور کہا کہ حکومت نے ٹیرف ریشنلائزیشن کی ہے اورایف بی آر سے ٹیرف پالیسی ہٹا دی ہے۔ اور بتایا کہ میں سمجھتا ہوں کے ایکسپورٹ کے ساتھ ساتھ بہترین سروسز کی بھی ضرورت ہے پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے دونوںبجٹ میں ڈیوٹی کم کی ہے اور کہا جب ٹیکس بڑھتا ہے تو ایکسپورٹ کم ہوجاتی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر تجارت نے مزید کہا کہ حکومت میں40 فیصد صنعتی خام مال ڈیوٹی فری کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ اور کہا صنعت کے فروغ کے لیے اگلے بجٹ کا انتظار کیے بغیر آئندہای سی سی کے اجلاس میں اضافی کسٹم ڈیوٹی کم کر یں گے۔جس سے مصنوعات کی تیاری میں اخراجات کم ہوں گے۔ مشیر تجارت نے مزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت گیارہ سالوں کے بعد برآمد کنندگان,تاجروں کو کسٹم ڈیوٹیز واپس کر رہی ہے۔ مشیر تجارت نے صنعتی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے پانچ کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔اور کہا سیالکوٹ کے صنعتکاروں نے سبسڈی لینے سے انکار کیا میں بہت مشکور ہوں۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار،صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق ،صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی ملک محمد اشرف وائس چیئرمین خرم عظیم خان مجلس عاملہ کے اراکین، ایکسپورٹرزاورسیالکوٹ کے تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔