شہید اللہ بخش سومرو (سیبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز، جامشورو اور میرز منی فاریسٹ، کھتھڑ، سندھ میں قائم فطرت پر مبنی ادارے سولیس پاکستان کے درمیان تین سالہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں،
سیبس یونیورسٹی جامشورو اور سولیس پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، طلبہ کو عملی تعلیم اور تخلیقی سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں گے

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 10 جولائی (اے پی پی):شہید اللہ بخش سومرو (سیبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز، جامشورو اور میرز منی فاریسٹ، کھتھڑ، سندھ میں قائم فطرت پر مبنی ادارے سولیس پاکستان کے درمیان تین سالہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد تعلیمی، تخلیقی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر سیبس یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو، جبکہ سولیس پاکستان کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقاص پرویز شیخ نے دستخط کیے۔ تقریب میں فائن آرٹس کے فیکلٹی رکن فضل الٰہی خان اور سولیس پاکستان کے کیمپ کیوریٹر ندیم پرویز شیخ بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت شعبہ فائن آرٹس کے طلبہ اور اساتذہ کو سولیس پاکستان کے چھ ایکڑ پر محیط ٹراپیکل فاریسٹ میں آرٹسٹ ریزیڈنسی پروگرام، اوپن ایئر آرٹ ورکشاپس، فطرت سے متاثر تخلیقی منصوبوں اور بین الشعبہ جاتی تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایکو آرٹ، مٹی کے ذریعے تخلیقی اظہار، ہاپا زومے، قدرتی کڑھائی اور ماحول دوست فنی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت ماحولیاتی آگاہی، تخلیقی صلاحیتوں اور سماجی روابط کے فروغ کے لئے تعلیمی کیمپس، ثقافتی پروگرام، عوامی آرٹ نمائشیں، مہمان لیکچرز اور مشترکہ تحقیقی منصوبے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ سیبس یونیورسٹی علمی رہنمائی فراہم کرے گی جبکہ سولیس پاکستان مقام، بنیادی سہولیات اور لاجسٹک معاونت مہیا کرے گا۔








