سیدال خان کی صدیق الفاروق کے انتقال پر سوگواران سے تعزیت

157

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین صدیق الفاروق کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کی رہائشگاہ گئے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے صدیق الفاروق کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ مرحوم صدیق الفاروق کی پاکستان کے لئے سیاسی و سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء تا دیر پر نہیں ہو گا ،وہ مخلص اور زیرک سیاستدان اور پختہ نظریات کے مالک تھے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جمہوریت کیلئے صدیق الفاروق کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کچھ وقت سوگوار خاندان کے ساتھ گزارا ۔

انہوں نے سوگواران سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔