کراچی۔ 06 مئی (اے پی پی):سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے کہا ہے کہ سیدہ شہلا رضا بطور آئینی صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اپنے منصب پر فائز ہیں، ان کا استعفی پی ایچ ایف کانگریس کی جانب سے منظور نہیں کیا گیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن سے پیر کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے صدر پی ایچ ایف سیدہ شہلا رضا کے استعفی کی منظوری کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کانگریس ایک مجاز اتھارٹی ہے جس کے پاس تمام فیصلوں کا اختیار موجودہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پی ایچ ایف سیدہ شہلارضا ایک بااصول اور باکردار شخصیت ہیں جن کو پی ایچ ایف کانگریس کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ سیدہ شہلا رضا نے پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی خاتون صدر پی ایچ ایف کا آئینی عہدہ 19 مارچ کو سنبھالا۔
صدر پی ایچ ایف سیدہ شہلا رضا نے پی ایچ ایف کانگریس کی بالادستی کو قائم رکھنے اور اسکی خودمختاری کو اولین ترجیح سمجھتے ہوئے اپنا استعفی پی ایچ ایف کانگریس کو بھجوایا تھا جو کہ بطور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف میں نے تمام کانگریس ممبران سے اس سلسلے میں مشاورت کی اور اس سلسلہ میں پی ایچ ایف کانگریس کی ورچوئل میٹنگ بھی کی گئی جس میں تمام اراکین نے سیدہ شہلا رضا کے استعفی کی منظوری کے نوٹیفکیشن کے اجرا کو نامنظور کرتے ہوئے ان سے بطور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنے منصب کو جاری رکھنے کی منظوری دی۔پی ایچ ایف کانگریس کے فیصلہ کے تناظر میں پاکستان ہاکی فیڈریشن اس اعلامیہ کے ذریعہ مطلع کرتی ہے کہ سیدہ شہلا رضا بطور آئینی صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنے منصب پر فائز ہیں۔