لاہور۔26اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن خدیجتہ الکبری، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری امیر محمد، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق الرحمن و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ایم ایس ہسپتال و دیگر افسران نے جاری پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق مری و گردونواح کی عوام کو کارڈیک کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
سید محمد حسین ساملی ہسپتال اینڈ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری و گردونواح کیلئے ایک بہترین علاج گاہ ثابت ہو گا۔حکومت پنجاب اس ہسپتال کیلئے تاریخ میں پہلی بار کروڑوں روپوں کی جدید مشینری خرید رہی ہے۔اس ہسپتال میں کیتھ لیب کیلئے ایچ آر اور طبی سامان ہنگامی بنیادوں پر مہیا کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سید محمد حسین ساملی ہسپتال اینڈ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر میں فوری طور پر ایچ آر کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں۔سید محمد حسین ساملی ہسپتال اینڈ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کو راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ساتھ منسلک کرنے کے بعد مثبت اور درکار نتائج حاصل ہوں گے۔اجلاس کے دوران ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کیلئے طبی سامان و ایچ آر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو اس ہسپتال سے متعلق سونپی گئی ذمہ داریوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے ایم ایس سید محمد حسین ساملی ہسپتال اینڈ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر ڈاکٹر قیصر محمود عباسی و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔