ملتان سیف سٹی منصوبہ شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام، ملزمان کی گرفتاری و ٹریسنگ اور ٹریفک مینجمنٹ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، شہر کے مختلف چوکوں اور اہم مقامات پر 400 سے زائد سیف سٹی کیمرے نصب ہیں
سیف سٹی منصوبہ شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام، ملزمان کی گرفتاری اور ٹریفک مینجمنٹ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، انسپکٹر محمد نوید

مزید خبریں
ملتان۔ 08 ستمبر (اے پی پی):ملتان سیف سٹی منصوبہ شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام، ملزمان کی گرفتاری و ٹریسنگ اور ٹریفک مینجمنٹ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، شہر کے مختلف چوکوں اور اہم مقامات پر 400 سے زائد سیف سٹی کیمرے نصب ہیں۔’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سیف سٹی ملتان کے انسپکٹر محمد نوید نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کی نگرانی اور مختلف وارداتوں میں ملوث ملزمان کی ٹریسنگ میں نمایاں معاونت حاصل ہو رہی ہے جبکہ 15 کی کال موصول ہونے پر متعلقہ اداروں کو فوری رسپانس فراہم کرنے میں بھی سیف سٹی اپنا کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی کیمروں کے ذریعے نشاندہی کرکے مقررہ طریقہ کار کے تحت چالان کیے جا رہے ہیں، جس سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔
محمد نوید نے بتایا کہ سیف سٹی کے تحت بلڈ ڈونیشن ونگ بھی فعال ہے، 15 پر خون کی ضرورت سے متعلق کال موصول ہونے کی صورت میں رجسٹرڈ بلڈ ڈونرز سے رابطہ کرکے ضرورت مند مریضوں کو خون کی فراہمی میں معاونت کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں 20 سے زائد مقامات پر پینک بٹن نصب کیے گئے ہیں۔ ہنگامی صورتحال میں موبائل فون دستیاب نہ ہونے کی صورت میں شہری پینک بٹن دبا کر سیف سٹی کنٹرول روم سے رابطہ کرسکتے ہیں، جہاں سے انہیں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مطلع کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے وژن کے تحت سیف سٹی ملتان بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جرائم میں کمی کے ساتھ ساتھ اشتہاری و مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور گمشدہ بچوں کی تلاش و بازیابی میں بھی معاونت حاصل ہو رہی ہے۔








