لاہور۔27اگست (اے پی پی):دریائے چناب، ستلج اور راوی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب کی امدادی سرگرمیاں جاری،وزیراعلی مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید امدادی سامان ضلعی انتظا میہ کو مہیا کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہائوالدین، حافظ آباد، چنیوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، ساہیوال، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کو اضافی سامان فراہم کیا گیا ہے،
ریسکیو وریلیف سرگرمیاں مزید موثر بنانے کے لیے ہر ضلع کو اضافی175 ٹینٹ مہیا کر دیئے ہیں،پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو یہ سامان پہنچایا گیا ہے۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر تمام تر ریسکیو و ریلیف ایکویپمنٹ اور ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں،ریسکیو 1122 اور دیگر ورکرز ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں،شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔